حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کا یکم مئی "یوم مزدور" کے موقع پر جاری پیغام میں کہنا ہے کہ مزدوروں کے مسائل ترجیح بنیادوں پر حل کئے جائیں۔ یہ دن مزدوروں کی جدوجہد یاد دلاتا ہے۔
انہوں نے کہا: مزدوروں کی جدوجہد کو نتیجہ خیز بنانا ہم سب کی ذمہ داری ہے، ملک کی اقتصادی ترقی اور خوشحالی محنت کشوں اور ہنرمندوں کی انتھک کوششوں کے بغیر ممکن نہیں، مزدور کسی بھی ملک کی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔
قائد ملت جعفریہ نے مزید کہا: ستم ظریفی یہ ہے کہ مزدور کے عالمی دن پر بھی عام مزدور طبقہ نان شبینہ کی تگ و دو میں مشغول دکھائی دیتا ہے۔ وہیں حکیم الامت ،شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے اشعار آج انہی مزدوروں کی ترجمانی کرتے ہیں کہ:
تو قادر و عادل ہے مگر تیرے جہاں میں - ہیں تلخ بہت بندئہ مزدور کے اوقات
مکر کی چالوں سے بازی لے گیا سرمایہ دار - انتہائے سادگی سے کھاگیا مزدور مات
مزدوروں،کسانوں اور غربا ءکے مسائل کو دیکھتے ہوئے مزیدفرماتے ہیں کہ:
اٹھو! میری دنیا کے غریبوں کو جگادو - کاخ امرا کے درودیوار ہلادو
جس کھیت سے دہقاں کو میسر نہیں روزی - اس کھیت کے ہر خوشہ گندم کو جلادو
مزدورو ں کے شب و روزکی مشکلات اور موثرطبقات کی پرتعش زندگانی پر کہا:
خلق خدا کی گھات میں رندو فقیہ و میر و پیر - تیرے جہاں میں ہے وہی گردش صبح و شام ابھی
تیرے امیر مال مست، تیرے فقیر حال مست - بندہ ہے کوچہ گرد ابھی، خواجہ بلند بام ابھی
قرآن پاک بھی اسی جانب سورة الحشر آیت نمبر7 میں ارشاد ہوا ہے کہ "دولت صرف امراءمیں ہی گردش نہ کرتی رہے" اور منصفانہ تقسیم کی طرف متوجہ کرتاہے، سیرت رسول اکرم ص اسی پر قائم رہی، حضرت علی ع نے اپنے دور خلافت کے آغاز میں پہلا اصلاحی اقدام یہ اٹھایا کہ قومی خزانے میں سب کے لئے مساوی مواقع دینے کا اعلان کیا مگر افسوس وطن عزیز کو 7دہائیاں گزرنے کے باوجود آج مزدوروں و محنت کشوں اور کسانوں کو ان کا جائز حق ملنا بہت مشکل ہوچکا۔
قائد ملت جعفریہ پاکستان نے پاکستانی مزدوروں اور محنت کشوں کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ یہی مزدور، کسان اور جفا کش قومی تعمیرو ترقی میں اپنا قیمتی حصہ ڈالتے ہیں۔وطن عزیز کی اقتصادی ترقی اور خوشحالی ہماری اس اہم افرادی قوت کی انتھک کوششوں کے بغیر ممکن نہیں لہٰذا حکومت مزدور وںکی عزت اور وقار کو تحفظ دے ۔
انہوں نے کہا کہ دنیا کے تمام مہذب معاشروں نے اپنے محنت کش طبقے کے حقوق اور فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لیے قانون سازی کر رکھی ہے،مزدور اللہ کا دوست ہے ہمارا مذہب ہمیں محنت کی عظمت کا درس دیتا ہے۔